کابل،19اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)افغانستان میں آج ہفتہ انیس اگست کو یوم آزادی کے موقع پر کابل اور دوسرے بڑے شہروں میں سکیورٹی کو انتہائی چوکس رکھا گیا ہے۔ آج کے دن کی ایک اہم تقریب میں افغان صدر اشرف غنی اپنے ملک کی اہم شخصیات کے ساتھ شریک ہوں گے۔ افغان گلوکارہ آریانا سعید نے بھی اعلان کر رکھا ہے کہ وہ یوم آزادی پر ایک کنسرٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔ کابل پولیس کے ترجمان عبدالبصیر مجاہد نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ دارالحکومت کے ہر مقام پر پولیس کے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ انیس اگست سن 1919 کو معاہدہء راولپنڈی کے تحت افغانستان کو اُس وقت کے برطانوی نوآبادیاتی حکومت سے مکمل آزادی حاصل ہوئی تھی۔